اویس شاہ ٹانک سے بازیاب، تین اغوا کار ہلاک

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ کے مطابق گذشتہ ماہ اغوا کیے جانے والے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو ٹانک سے بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اس بات کی تصدیق پیر کو رات گئے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی۔ ٭ بیرسٹر اویس شاہ کی بازیابی (تصاویر) ٭ ’چیف جسٹس کے بیٹے کا اغوا سزاؤں کا ردعمل ہو سکتا ہے‘ بعدازاں منگل کی صبح ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اویس شاہ کو فوج کی ایک کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں اغوا کاروں کے قبضے سے چھڑایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں تین اغوا کار بھی مارے گئے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ اویس شاہ کی ٹانک کے علاقے میں موجودگی کے تکنیکی شواہد کئی دن سے مل رہے تھے اور پیر کی شب جب مفتی محمود چوک پر قائم ناکے پر فوج کے جوانوں نے اغواکاروں کی گاڑی روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کے نشانہ باز نے ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کیا تو اس میں سے مزید دو اغوکاروں نے بھی اتر کے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم انھیں بھی ہلاک کر دیا گیا۔ لیفٹینٹ جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ جب اس گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اس میں مغوی اویس شاہ کو منہ پر ٹیپ لگا کر برقع پہنا کر بٹھایا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اغوا کار تحریکِ طالبان پاکستان کے ایک دھڑے سے تعلق رکھتے تھے جو القاعدہ سے بھی منسلک تھے اور انھیں مغربی سرحد سے افغانستان لے جانا چاہتے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ اغواکاروں نے اویس شاہ کے اغوا کے بعد ان کے اہلِ خانہ سے رابطہ بھی کیا تھا تاہم انھوں نے ان کے مطالبات کے بارے میں تفصیل فراہم نہیں کی۔ اویس شاہ کو بازیابی کے بعد پہلے فوجی کیمپ لے جایا گیا اور پھر وہاں سے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچا دیا گیا ہے۔

کراچی سے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق بیٹے کی بازیابی کے بعد جسٹس سجاد علی شاہ نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر کی شب رات تین بجے آرمی چیف نے انھیں فون کر کے بتایا کہ اویس شاہ کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے بات کے بعد ان کی اویس شاہ سے بات کروائی گئی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کی بازیابی حکومت کی بھرپور کوششوں کا نتیجہ ہے اور ’پاک فوج حکومت کا ہی حصہ ہے، الگ نہیں ہے۔‘ سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا بالکل ٹھیک ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا انھیں نہیں معلوم کہ ان کے بیٹے کو کس نے اغوا کیا تھا۔ ٹی وی چینلز پر جسٹس سجاد علی شاہ کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی اہلکاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا رش دیکھا جا سکتا ہے جبکہ جسٹس سجاد علی شاہ اور ان کے بیٹے سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔اویس شاہ ایڈووکیٹ گذشتہ ماہ کراچی کے متمول علاقے کلفٹن میں واقع ایک سپر سٹور کے باہر سے غائب ہوگئے تھے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اویس شاہ کی بازیابی پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو مبارک باد دی ہے اور اویس شاہ کی بازبابی پر سکیورٹی فورسز کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ شدت پسندوں نے پانچ سال قبل سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو جبکہ تین سال قبل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں کو بھی پنجاب سے اغوا کیا تھا اور یہ دونوں رواں برس ہی بازیاب ہوئے ہیں۔

Labels:



Leave A Comment:

Powered by Blogger.