پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا کرکٹ میچ جمعے سے مانچسٹر میں شروع ہو گیا ہے۔
اولڈ ٹریفرڈ کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے اب سے کچھ دیر قبل تک بغیر کسی نقصان کے آٹھ رنز بنا لیے تھے۔
* میچ کا تفصیلی سکور کارڈ
٭ پاکستان چھ برس بعد انگلینڈ میں: خصوصی ضمیمہ
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور الیسٹر کک اور ایلکس ہیلز نے اننگز شروع کی ہے۔
ٹاس جیتنے کے بعد الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ ’پچ پر تھوڑی بہت گھاس ہے لیکن زیادہ نہیں۔گراؤنڈز مین نے ایک اچھی پچ تیار ہے۔ ہمارے پاس کچھ غلطیوں کو سدھارنے اور پاکستان کو دباؤ میں لانے کا موقع ہے۔‘
اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ چاہے آپ پہلے بلے باز کریں یا بولنگ۔بات منظم انداز میں کھیلنے کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی بولر پہلے سیشن میں وکٹ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی ٹیم اس میچ کے لیے کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اتری ہے جبکہ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن اور آل راؤنڈر بین سٹوکس یہ میچ کھیل رہے ہیں اور انھوں نے سٹیون فن اور جیک بال کی جگہ لی ہے۔ جیمز اینڈرسن اور سٹوکس کے بارے میں ٹاس جیتنے کے بعد انگش کپتان نے کہا کہ ’جمی ایک بہترین بولر ہے۔ بین سٹوکس ایک ایسا کھلاڑی ہے جسے بہت سارے اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہیں گے۔‘ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے جو اسے لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں 75 رنز سے فتح کے نتیجے میں حاصل ہوئی تھی۔ پاکستان کی جیت میں یاسر شاہ کی دس وکٹوں اور کپتان مصباح الحق کی سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اولڈ ٹریفرڈ انگلینڈ کی ٹیم کا مضبوط گڑھ رہا ہے۔ سنہ 2001 میں پاکستان سے ٹیسٹ ہارنے کے بعد میزبان ٹیم اس میدان پر نو میں سے سات ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور دو ڈرا ہوئے ہیں۔ پاکستان نے اولڈ ٹریفرڈ میں سات ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک جیتا ہے ایک میں اسے شکست ہوئی ہے، جبکہ پانچ ڈرا ہوئے ہیں۔ |
Labels: