’سیلاب زدگان موت کا انتظار نہیں کر سکتے‘

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع وادی اورسون چند دن پہلے تک قدرتی حسن کا شاہکار تھی لیکن رواں ماہ جولائی میں آنے والے تباہ کن سیلاب نےاس گاؤں کا سارا نقشہ ہی تبدیل کر کے رکھ دیا ہے جہاں اب لوگوں کے لیے رہنا خطرے سے خالی نہیں۔ چترال شہر سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وادی اورسون کے لیے دو جولائی کی رات موت کا پیغام لے کر آئی۔گاؤں کے بیشتر مرد عشا کی نماز پڑھنے کے لیے مسجد میں تھے کہ اچانک سیلاب نے سارے علاقے کو اپنے لپیٹ میں لے لیا جس سے درجنوں مکانات، مسجد، دینی مدرسہ اور واحد سکیورٹی چیک پوسٹ پانی میں بہہ گئے۔ سیلاب کے باعث علاقے کے کئی سرسبز باغات اور کھیت بھی کھنڈرات میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ ولیج کونسل اورسون کے ناظم سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ پانی اتنی تیزی سے اوپر چڑھا کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ انھوں نے کہا کہ ’یقینًا وہ قیامت کے منظر جیسا تھا جس میں بڑے بڑے پتھروں کی گڑگڑاہٹ کی آوازیں تھیں۔‘ سیلاب کی وجہ سے علاقے کا پورا نقشہ ہی تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔

پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے گاؤں کے تمام راستے اور گزرگاہوں کے نام و نشان مٹ گئے ہیں جہاں اب گاڑیوں کی آمد و رفت ناممکن ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ گاؤں کی زمین کی سطح بھی ناہموار ہو کر بلند ہو گئی ہے اور مقامی آبادی نیچے رہ گئی ہے جس سے مقامی باشندوں کے مطابق مزید سیلاب کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔وادی کے وسط میں ایک دیوہیکل چٹان بھی نظر آئی جسے دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ پانی اتنا بڑا پتھر بھی بہہ کر لا سکتا ہے۔ ولیج کونسل اورسون کے ناظم کے مطابق ’یہ علاقہ اب ہمارے لیے غیر محفوظ ہو گیا ہے کیونکہ آبادی نیچے رہ گئی ہے اور اب یہاں معمولی سی بارش سے بھی سیلاب کا خطرہ ہر وقت موجود رہے گا۔‘ ان کے مطابق سیلاب اپنے ساتھ جو ملبہ لے کر آیا ہے اس کو ہٹانا کسی کی بس کی بات نہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو اب فوری طور پر اس آبادی کو دوسری جگہ منتقل کرنا چاہیے ورنہ مزید نقصانات کا خدشہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن اب تک اس ضمن میں کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

Labels:



Leave A Comment:

Powered by Blogger.