پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بدھ کو لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں دعوت دی گئی ہے۔
٭ سپر لیگ: بورڈ کو منافع، فرنچائزز کو نقصان
٭ پی ایس ایل کتنی کامیاب؟
نجم سیٹھی نے کہا کہ ’پاکستان آ کر کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی پیسے دیے جائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ان کی اس حوالے سے بات ہو گئی ہے اور ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا چاہتے ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کے دورہ کراچی کے دوران ان کی ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر سے ملاقات ہوئی جس میں انھیں پی ایس ایل کراچی میں کروانے کے صورت میں سکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔‘
’میں نے شہباز شریف سے کہا کہ اگر آپ تیار نہیں ہیں تو ہم کراچی میں کروا لیتے ہیں جس پر انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہے تو یہیں ہونا چاہیے۔‘
انھوں نے کہا کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے الگ پیکیج تیار کیاگیا ہے جس کے تحت ان سے کہا جا رہا ہے کہ آخری میچ لاہور میں کھیلنے کی صورت میں انھیں اضافی پیسے دیے جائیں گے۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 14 کمرے تیار کروائے جا رہے ہیں۔
’اگر لاہور میں فائنل کروانے کی بات بن جاتی ہے تو کھلاڑیوں کو این سی اے میں ہی ٹھہرایا جائے گا کیونکہ ہوٹل سے آنے جانے میں مسئلہ ہوتا ہے۔‘
اس کے علاوہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں نئی ٹیم کو شامل کرنے کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’ٹیمیں پانچ ہی رہیں گی کیونکہ دیگر پانچوں فرنچائزز اس پر نہیں مانیں ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز رواں سال کے آغاز میں متحدہ عرب امارات میں ہوا تھا جس کا فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے جیتا تھا۔